لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے حمزہ شہباز حلف کیس میں صدر مملکت اور گورنر پنجاب سے جواب طلب کرلیا، لارجر بینچ نے سوال کیا کہ اگرکوئی الیکشن قانون کے مطابق نہ ہو اورسپیکر درست قرار دے تو کیا گورنر حلف لینے کا پابند ہے یا نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے حمزہ شہباز حلف کیس میں صدر مملکت اور گورنر پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔ حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف اپیل پر لاہورہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں لارجر بینچ نے سماعت کی۔
تحریک انصاف کے 16ارکان صوبائی اسمبلی کی جانب سے اظہرصدیق ایڈووکیٹ نے دلائل مکمل کئے،پی ٹی آئی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سنگل بینچ کا فیصلہ حقائق اور آئین کے منافی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے آئین کا بنیادی ڈھانچہ اس نکتے پر قائم ہے کہ اختیارات کی تقسیم ہو۔
پی ٹی آئی وکیل نے مؤقف اپنایاکہ اگر عدالت سمجھتی ہے کوئی عہدہ بدنیتی کی بنیاد پر آئین کےمطابق اپنا کردار ادا نہیں کرتا تو حکم دے سکتی ہے۔
عدالت نےپی ٹی آئی وکیل کےدلائل مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ کے وکیل کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی اور سماعت جمعرات تک کے لئے ملتوی کرد ی۔