لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 48 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 200.93 روپے سے بڑھ کر 201 روپے 41 پیسے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر امریکی ڈالر کی قیمت میں 34 پیسے کی گراوٹ دیکھی گئی۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/8QaSr3Ob3k pic.twitter.com/Rf8vOiNSha
— SBP (@StateBank_Pak) May 24, 2022
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 10پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور ڈالر 201روپے 60پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی
اُدھر ملک میں چھائی ہوئی غیر یقنیی سیاسی صورتحال، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے شرح سود میں اضافے کے باعث 489.93 پوائنٹس کی بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 41950.32 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.15 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 7 کروڑ 6 لاکھ 29 ہزار 692 شیئرز کا لین دین ہوا۔ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔