لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک بچانے کے لیے تمام اداروں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، عدالتوں کو بھی ادب کے ساتھ کہنا چاہتی ہوں ایسی روایت نہ ڈالیں، ایسا نہ کریں جو شخص سب سے بڑھ کر اداروں کو گالیاں نکالے اسی کے حق میں فیصلے ہوں، عمران خان لانگ مارچ حکومت کیخلاف نہیں، اسٹیبلشمنٹ کیخلاف کر رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے حوالے سے نیوز کانفرنس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ پولیس کانسٹیبل کو دوران ڈیوٹی شہید کیا گیا، آج جوکانسٹیبل شہیدہواہےاس کاذمہ دارعمران خان ہے، پی ٹی آئی ممبر نے پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے شہید کیا، ان کے پاس آنسو گیس کے شیل، اسلحہ اور ڈنڈے ہیں، کانسٹیبل کو شہید کرنے سے ان کے ارادے کھل کر قوم کے سامنے آگئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے نکالے جانے پر عمران خان کو صدمہ پہنچا۔ کہا گیا میرے قتل کی سازش ہو رہی ہے، آپ نے اپنے بچوں کو لندن میں بٹھایا ہے اور قوم کے بچوں کو مروانا چاہتے ہیں، آپ قوم کے بچوں کو سڑکوں پر لا کر مار پڑوانا چاہتے ہیں، شہید ہونے والا کانسٹیبل قوم کا بیٹا تھا، تم اپنے بچوں کو کہو کہ اس مظاہرے کو لیڈ کریں، اپنےبچوں کوکہیں برطانوی پاسپورٹ چھوڑ کر پاکستان آئیں۔ اس ملک کو سری لنکا بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔
مریم نواز نے کہا کہ میں اپنی ہر تحریک میں فرنٹ لائن پر ہوتی تھی، پہلے آپ نے کہا نیوٹرل جانور ہوتے ہیں، کل آپ نے ادارے کو کہا کہ نیوٹرل رہیں، عمران خان لانگ مارچ حکومت کیخلاف نہیں،اسٹیبلشمنٹ کیخلاف کر رہا ہے، جب مریم اور نواز شریف کو سزاہوئی تو آپ نے کہا عدالتیں آزاد ہیں، جب آئین کی بالادستی کیلئےعدالت رات کو کھلی تو آپ نے عدلیہ کو بُرا بھلا کہا، چیف الیکشن کمشنر کو آپ نے خود لگایا، اب آپ چیف الیکشن کمشنر کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو بھی ادب کےساتھ کہنا چاہتی ہوں ایسی روایت نہ ڈالیں،ایسانہ کریں جو شخص سب سے بڑھ کر اداروں کو گالیاں نکالے اسی کے حق میں فیصلے ہوں، کہتے ہیں حمزہ شہباز وزیراعلیٰ نہیں، کیا عثمان بزدار وزیراعلیٰ ہے؟ پنجاب کیا مفت کا آیا ہوا ہے، پہلے پنجاب کو بزدار کے ذریعے خراب کیا پھر کسی اور کے ذریعے لوٹا، مال بھر بھر کر بیگز میں بنی گالہ میں بیٹھی محترمہ کو جاتا رہا، پنجاب میں جلسوں کیلئے جا رہی تھی یوں لگا کھنڈر میں جا رہی ہوں، پنجاب کےعوام نے اپنا مینڈیٹ ان سے چھین کر نواز شریف کے حوالے کیا، پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز ہیں اس کو جتنا بھی روک لیں وہی وزیراعلیٰ رہے گا، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ہیں اور وہی رہیں گے، اب فیصلے تمہاری نہیں حکومت کی مرضی سے ہوں گے، آپ نےپارلیمنٹ پر حملہ کیا، وزیراعظم ہاؤس کے دروازے پر پہنچے، آپ نے گندے کپڑے دھو کر سپریم کورٹ کے باہر ڈالے، عمران خان ملک میں فساد برپا کرنا چاہتا ہے یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ آپ کے 2014 دھرنے کی وجہ سے چینی صدر پاکستان نہیں آ سکے تھے، عمران خان لانگ مارچ کااعلان کر کے پھنس گئے، عمران خان دھمکی ہمیں نہیں اسٹیبلشمنٹ کو دیتے ہیں، چار سال میں اس نے ملک کو تباہ کر دیا، ہم تو 2018 میں لوڈشیڈنگ ختم کر گئے تھے، آج اس کی وجہ سے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، عمران خان نے ساری توجہ انتقام پر رکھی، عمران خان اکیلے 22 کروڑ عوام کی تباہی کے ذمہ دار ہیں اسی کا نام لینا پڑیگا، 17سال یا 70 سال عمر ہو جائے انسان کی خصلت نہیں بدلتی۔
خونی انقلاب کی دھمکی دینے والوں نے ناپاک منصوبے کا آغاز کر دیا: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خونی انقلاب کی دھمکی دینے والوں نے ناپاک منصوبے کا آغاز کردیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کئی دنوں سے ریاست کو خونی انقلاب کی دھمکیاں دینے والوں نے آج سے اپنے ناپاک منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔ آج فتنے کی کرسی کی لالچ کی وجہ سے ایک ماں کا لخت جگراس سے جدا ہوگیا اورپاکستان کا بیٹا بے دردی سے شہید کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے محافظوں پرگولیاں برسانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
آج فتنے کی کُرسی کی لالچ کی وجہ سے ایک ماں کا لختِ جگر اس سے الگ ہوگیا اور پاکستان کا بیٹا بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔کئی دنوں سے ریاست کو خونی انقلاب کی دھمکیاں دینے والوں نے آج سے اپنے ناپاک منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔قوم کے محافظوں پر گولیاں برسانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں pic.twitter.com/HLcnDIvoi4
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 24, 2022