لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی کے ایل آئی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز کو بحال کر دیا، عمران خان کے پتھر دل کی وجہ سے ہسپتال کے3 سال ضائع ہوگئے، عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں مخالفین کو دیوار سے لگایا، قوم ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کو معاف نہیں کرے گی۔
پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی غریب کےعلاج کیلئے بنایا گیا تھا، گزشتہ سالوں میں ہسپتال کو نقصان پہنچایا گیا، 50 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوگا، بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کو بحال کر دیا گیا ہے، نرسنگ یونیورسٹی کو ایک سال میں مکمل کیا جائے گا، ورلڈ کلاس نرسنگ یونیورسٹی بنائی جائے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نیب الٹا ہوگیا، ایک دھیلے کی کرپشن نہیں نکال سکے، عمران خان نے اقتدار میں اپنے مخالفین کو دیوار سے لگایا، ایک ماہ میں میرا پی کے ایل آئی کا تیسرا دورہ ہے، ہسپتال کی اربوں روپے کی جدید ترین مشینری بند پڑی رہی، عمران خان نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، کسی کو ایک گھر اور نوکری نہیں ملی، عمران نیازی کو کردار کشی کے علاوہ فرصت نہیں تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان میں سستا آٹا اور چینی فراہم کی گئی، نئے پاکستان کی بات کرنیوالے نے عوام کو ایک سبسڈی نہیں دی، عمران نیازی کو قوم معاف نہیں کرے گی، عمران خان نے سماج کو برباد کر دیا ہے، عمران خان نے جو پرسوں بات کی وہ زبان پر نہیں لا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی دن رات نیب کے اوپر سوار رہتا تھا، عمران خان نے شہزاد اکبر کو ہدایات دیں کہ جیل میں مجھے زمین پر سلایا جائے، جمہوریت ہوگی اور ملک آگے چلے گا، 2018 میں میثاق معیشت کا کہا تھا جسے ٹھکرا دیا گیا، عمران خان معاشرے میں زہر گھول رہا ہے، پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا، اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں، عمران خان کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔