لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان پاکستان کے خلاف ”عمرانی سازش“ ہے، پارلیمنٹ کی موجودگی میں فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے، قومی مفادات کے خلاف مصروف عمل کرداروں کو اتحاد کی قوت سے روکنا ہوگا۔
عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان پر رد عمل میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواری پاکستان اور پاکستانی عوام کے خیر خواہ نہیں، یہ وقت لانگ مارچ کا نہیں بلکہ مل کر ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا ہے، سیاست میں منفی رویے ملک کے استحکام کیلئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی انہی کرداروں نے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے قومی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، عمران خان کی ضد اور ہٹ دھرمی کی سیاست نے ان کے غیر جمہوری طرز عمل کو بے نقاب کر دیا ہے، قوم کسی کو بھی انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی، عمران خان اپنی انا کی تسکین کی خاطر پوری قوم کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ، حمزہ شہباز نے امن و امان سے متعلق اجلاس آج طلب کرلیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے امن و امان سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے پنجاب پولیس، اسپیشل برانچ سے حکمت عملی طلب کرلی ہے جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سرگرم کارکنوں کی فہرستیں تیار کرنا شروع کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں فہرستوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ن لیگ اور اتحادیوں کا حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد، قرارداد متفقہ طور پر منظور
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد کے اظہار کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے زیرصدارت مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس میں حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے کی ترقی کو روکنے اور حکومت کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹیں ڈالنے کے غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔
حمزہ شہباز کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کیلئے آئین میں مقرر کردہ 7 روز کی مدت پر عمل نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا جبکہ قرارداد رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد نے پیش کی۔
لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چھٹی کے روز غیر قانونی اجلاس طلب کیا گیا، پنجاب اسمبلی کو گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے غنڈہ عناصر کے حوالے کر دیا گیا ہے، اسمبلی میں داخلے کے تمام راستے بھی بند کر دئیے گئے۔
ادھر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے ترین گروپ نے بھی ملاقات کی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سیاسی اور آئینی آپشنز پر مشاورت کی گئی، منحرف ارکان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا۔