اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے اپوزیشن لیڈر کے تقرر نہ ہونے پر ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ آپ کو اپوزیشن کو زیادہ سے زیادہ سننا پڑے گا، اپوزیشن کو نہیں سنیں گے تو پھر آپ کے اندر سے اپوزیشن جو نکلے گی وہ برداشت نہیں کرسکیں گے، حکومت جیسے تیسے بھی بن گئی وزارتوں کی بندر بانٹ بھی کرلی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی حکومت ہے جس کا ایک ماہ بعد بھی اپوزیشن لیڈر نہیں ہے، کہا جارہا ہے لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی، سندھ کے ارکان بتائیں کیا ختم ہوگئی، ہمارے صوبے کو پانی نہیں مل رہا، مرغی سبزی سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی، آپکو مہنگائی نظر نہیں آتی تو آئیں مارکیٹوں میں لے چلوں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دروان فہمیدہ مرزا کے خطاب کے بعد جی ڈی اے رہنماؤں نے اپوزیشن لیڈر بننے تک ایوان سے واک آوٹ کر دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ جلد ہوجائے گا، جو بھی زیادہ ارکان کی حمایت لے گا اسے اپوزیشن لیڈر بنایا جائے گا، ہم جلد لیڈر آف اپوزیشن کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں، دو تین ارکان اپوزیشن لیڈر کے امیدوار ہیں، جس کے پاس اکثریت ہوگی اس کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا جائے گا۔