بلاول کی تاجر رہنماؤں سے ملاقات، بزنس لائزن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

Published On 08 May,2022 10:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے تاجر رہنمائوں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا گیا ۔۔ سندھ حکومت نے بلاول بھٹو کی ہدایت پر بزنس لائزن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں تاجر برادری کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، ناصر شاہ، سعید غنی ،وقار مہدی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر خارجہ کی ہدایت پر سندھ حکومت کا تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کرنے لئے بزنس لائزن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔

بلاول بھٹو سے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کا ازالہ کیا جانے پر تاجر وں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی برآمدات میں کراچی کا حصہ 50 فیصد ہے، اگر سندھ حکومت تعاون کرے تو اسے دگنا کرسکتے ہیں۔

پی پی چیئر مین سے تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بطورِ وزیر خارجہ دنیا میں ہمارا پیغام لے کر جائیں کہ ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ چاہیئے۔

اس موقع وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تاجر برادری آگے آئے صوبائی حکومت کے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالے۔