اسلام آباد:(دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، تھانہ کوہسار میں 7 افراد کے نام لکھ کر دے دیئے، مجھے کچھ ہو جائے تو ان افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے اور عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد لوگوں کا سیلاب آئے گا، مئی کا مہینہ خوفناک ہے، پنجاب میں رانا ثنا کے ذریعے گند ڈالا جائے گا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، ایک نہیں دوسرا اور تیسرا بھتیجا بھی لے جاؤ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ نے آتے ہی 300 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالے، رانا ثنا اجرتی قاتل ہے، عابد شیر علی کے والد کہتے ہیں رانا ثنا نے 18 قتل کئے ہیں، یہ مجھے بھی قتل کرنا چاہتے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، تھانہ سیکرٹریٹ میں 7 لوگوں کے نام لکھ کر دے دیئے، ملک کے خلاف سازش کی جا رہی ہے، ملک کے اہم لوگوں کو درخواست دے دی، جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے، ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کروا رہا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ان کے خلاف نعرے روضہ رسول ﷺ سے باہر لگے، کل بکتر بند گاڑی میں یہ مدینہ گئے پھر بھی چور، چور کے نعرے لگے، عمران خان نے ناموس رسالت ﷺ کا مقدمہ لڑا، انہوں نے سنگین جرائم میں ملوث کئی افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے، دنیا کے کسی بھی ملک میں اتریں گے انہیں انڈے اور ٹماٹر لگیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی 2 مرتبہ میرا پیچھا کیا گیا، یہ خانہ جنگی کرائے گا، یہ ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں، یہ اسلام آباد مارچ کو کسی حادثے کا شکار کرنا چاہتے ہیں، مجھے اور عمران خان کو تحریک سے پہلے جیل میں بھیجنا چاہتے ہیں، پہلے کہتا تھا ن سے ش نکلے گی، اس وقت ش کی حکومت ہے۔