اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے مسجد نبوی میں نعرے بازی کے معاملے پر عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا۔ کہتے ہیں حکومت نوازشریف کی سزامعطل کرنے پر غور کر رہی ہے، حکومت کو سزا ختم، کم یا معطل کرنے کا اختیارحاصل ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مسجدِ نبوی میں نعرے بازی کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ نجی چینل پر مسجدِ نبوی میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی منصوبہ بندی ماضی میں کبھی نہیں ہوئی اور یہ 100-150 لوگ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کو قطعی طور پر معافی نہیں دی جا سکتی اور وہ اس سلسلے میں وہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں گرفتار کچھ افراد کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے اور دیگر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید بتایا کہ باقی لوگوں کے خلاف تفتیشی ٹیم سارے ثبوت اکھٹے کرے گی اور جس جس کے خلاف کوئی ثبوت ملے گا، اس کےخلاف قانون اپنا راستہ لے گا۔
اس سوال پر کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے، کیا انھیں بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے، کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا جی بالکل عمران خان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔