مسجد نبوی واقعہ، راشد شفیق گرفتار، عمران خان، شیخ رشید و دیگر کیخلاف مقدمات درج

Published On 01 May,2022 04:26 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مسجد نبوی ﷺ واقعہ کے معاملے پر مقدمے اور پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی، شیخ رشید کے بھتیجے کو عمرہ ادائیگی کے بعد اسلام آباد پہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا، شیخ راشد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا گیا، فیصل آباد اور راولپنڈی میں مقدمات درج، عمران خان ، شیخ رشید، فواد چودھری، شہباز گل سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا۔

تھانہ نیو ایئرپورٹ پولیس نے قاضی محمد طارق ایڈووکیٹ کی مدعیت میں مسجد نبوی کی بے حرمتی، توہین آمیز رویئے اور نعرے بازی کے معاملے پر مقدمہ درج کیا۔

مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان، شیخ رشید احمد، فواد چودھری، شہباز گل، مراد سعید، شیخ راشد شفیق کو بھی نامزد کیا گیا۔

مقدمہ کے مطابق شرپسندوں کا گروہ شیخ راشد شفیق کی سربراہی میں سعودی عرب روانہ کیا گیا، برطانیہ سے دوسرا گروہ صاحبزادہ جہانگیر عرف چیکو کی سربراہی میں گیا، انیل مسرت، نبیل مسرت، رانا عبد الستار، عامر الیاس، اعجاز حق اور گوہر جیلانی شامل تھے۔

درج کئے گئے مقدمہ کے مطابق مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعے سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

ادھر تھانہ مارگلہ کو عمران خان، شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے توہین مسجد نبوی کی، اس سارے معاملے کی پلاننگ پاکستان میں کی گئی، شیخ رشید نے پری پلان مسجد نبویﷺ کی توہین کروائی، سابق وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

محمد نواز بھٹی نامی شہری کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور شیخ راشد شفیق کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔

 عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف مسجد نبوی میں نعرے بازی پر مقدمہ درج

 فیصل آباد میں شہری کی درخواست پر سابق وزیراعظم عمران خان سمیت ایک سو پچاس افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی کرنے پر 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ، تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج کئے گئے مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چودھری، شیخ رشید، شہباز گل، قاسم سوری، راشد شفیق، انیل مسرت کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسجدنبوی ﷺمیں پاکستانی زائرین کوہراساں کر کے شعاراسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا، سارا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا، شیخ راشد کی قیادت میں 150 افراد کو سعودی عرب بھجوایا گیا۔

شیخ رشید کا بھتیجا راشد شفیق گرفتار، ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

 سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے ایم این اے راشد شفیق کو عمرے کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد پہنچنے پر ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ائیررپورٹ ذرائع کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے ایم این اے شیخ راشد شفیق کو مسجد نبوی کے تقدس کو پامال کرنے کے معاملے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شیخ راشد شفیق نجی ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو ائیرپورٹ پر ہی سول کپڑوں میں ملبوس سرکاری اہلکاروں نے اپنی حراست میں لے کر ائیرپورٹ سے حراست میں لیا۔

شیخ راشد شفیق سمیت پی ٹی آئی کی اعلی قیادت اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف فیصل آباد میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے تقدس کو پامال کرنے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایم این اے شیخ راشد شفیق نے سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کے دوران ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہاں ہونے والے واقعہ کا بھی بتا رہے تھے۔

شیخ راشد شفیق کو اٹک کی سول کورٹ پیش کیا گیا جہاں پر ان کا ایک روز جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا،جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے عدالت کے باہر نعرے بازی کی گئی۔

عمران خان کیخلاف ایف آئی آر درج کرنا نہایت ہی بھونڈی حرکت ہے: پرویز الٰہی

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ فسطائی حکومت کا عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا نہایت ہی بھونڈی حرکت ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شریفوں نے نہ تاریخ سے سبق سیکھا اور نہ ہی اپنی حرکتوں سے باز آئے، انتقامی سیاست کو شریف برادران نے اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، وہ انتقامی ہتھکنڈوں سے باز رہیں، امپورٹڈ حکومت مذہب کارڈ کھیل کر خطرناک اقدام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ سے عمران خان کا کیا تعلق؟ عمران خان واضح اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس طرح کی ہدایت دینے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، پوری قوم کو معلوم ہے کہ جس رات مسجد نبوی ﷺ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، اس رات عمران خان اور ان کے کارکن شب دعا میں مصروف تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی آڑ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر مقدمات کا اندراج قابل مذمت ہے، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف جو قرارداد منظور کرائی، اس پر پوری مسلم دنیا انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے، یہ وہ اعزاز ہے جس کی توفیق عمران خان جیسے سچے عاشق رسولﷺ ہی کو نصیب ہو سکتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے اپنا دوٹوک موقف دے چکے ہیں، عمران خان عشق نبویﷺ سے سرشار ہیں، عمران خان کو مسجد نبوی ﷺ میں ہونے والی نعرہ بازی میں ملوث کرنے کی کوشش کرنا شہبازشریف اور ان کی امپورٹڈ حکومت کی حواس باختگی کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کیلئے عمران خان ایک عالمی آواز بن کر ابھرے ہیں، پہلی مرتبہ کسی مسلم حکمران نے مغرب کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ توہین رسالت کے مرتکب عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔