مریم نواز کی پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 24 April,2022 05:32 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عمرے پر روانگی کیلئے پاسپورٹ واپس کرنے کی استدعا کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوگئی، لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ کل مقدمہ سنے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل 2 رکنی بنچ پیر کو مریم نواز کی عمرے پر جانے کے لیے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ صبح 11 بجے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کی درخواست سنے گا۔

مریم نواز نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے جانا چاہتی ہوں، عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر ہونے کی وجہ سے عمرے کی ادائیگی کے لیے نہیں جاسکتی، عدالت پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔