مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست دوبارہ سماعت کیلئے مقرر

Published On 21 April,2022 04:11 pm

لاہور:(دنیا نیوز) ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرلی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ 25 اپریل کو سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی، سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون پیش ہوئے اور بتایا کہ مریم نواز عمرے کی ادائیگی کے لیے 27 اپریل کو سعودی عرب جانا چاہتی ہیں لیکن انکا پاسپورٹ عدالتی حکم پر لاہور ہائیکورٹ کی تحویل میں ہے، انہیں پاسپورٹ واپس کیا جائے۔

بینچ کے سربراہ جسٹس شہباز رضوی نے باور کروایا کہ مناسب ہے کہ مریم نواز کی درخواست پر وہی بینچ سماعت کرے جس نے مریم نواز کی ضمانت منظور کی، جسٹس شہباز رضوی نے کارروائی کرتے ہوئے مریم نواز کی درخواست واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست جسٹس علی باقر نجفی کو بھجوا دی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ 25 اپریل کو سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نومبر 2019 میں مریم نواز کی ضمانت منظور کی تھی اور اپنا پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔