اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کہتے ہیں گھڑی ملی تو بیچ دی، پھر کیا ہوا، یہ ہے ان لوگوں کی حقیقت، یہی عمران حکومت میں ملک پر مسلط تھے، گھڑی اور ہار دو کروڑ میں خرید کر اٹھارہ کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے، تفصیلات قوم کے سامنے لائیں گے، پہلی بار عدم اعتماد کے ذریعے کرپٹ ٹولے کو باہر کیا گیا، ڈاکٹر رضوان ان کے اپنے دور میں چھٹی پر گئے، کسی ریلیف پروگرام کو ختم نہیں کررہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے توشہ خانہ کے تحائف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری نے تحائف بیچنے کی خود تصدیق کردی ہے، ابھی توشہ خانہ کے حوالے سے ٹیزر دیا ہے، ملزم اگر کوئی ہے تو عمران خان ہے، مالم جبہ، آٹا، چینی کیس کا ہے، عمران خان فارن فنڈنگ کیس کا ملزم ہے، ان کے تمام حقائق کو سامنے لائیں گے، کہتے ہیں کیا ہوا گھڑی ملی تو بیچ دی، یہ ہے ان لوگوں کی اصل حقیقت، یہ وہی وزیر جو ریڈیو، پی ٹی وی کو بیچنے کے چکر میں تھے، گھڑی، کفلنگ، انگوٹھیاں ملیں لیکن چیزوں کو ڈکلیئر نہیں کیا گیا، کہا گیا نیشنل انٹریسٹ میں ریکارڈ نہیں دیا جاسکتا، گھڑی، کفلنگ، انگوٹھی دو کروڑ میں لیکر 18 کروڑ کی بازار میں بیچی، ان تمام چیزوں کے ریکارڈ نکال لیے گئے ہیں، گولڈ سے بنی کلاشنکوف بھی مس ہے، بنی گالہ سے نکلوائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لنگرخانے بند کردیئے گئے، عوام کے لیے کوئی ریلیف پروگرام ختم نہیں کر رہے، صحت کارڈ نوازشریف نے 2014 میں شروع کیا تھا، لنگر خانوں کو پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے جاری رکھا جائے گا، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل پریس کانفرنس میں ان کے اعمال نامے بتائیں گے، کسی کو احتساب اور حساب سے بھاگنے نہیں دیں گے، بیرون ملک سازش کی جھوٹی باتیں کر رہے ہیں، ان کے تمام اعمال نامے روزانہ کی بنیاد پرعوام کو بتائیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کلیئر کہا سازش کا لفظ موجود نہیں تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کہتے ہیں عوام آزاد پاکستان کے ساتھ ہے، امپورٹڈ وزرا، مشیر اپنے گھروں کو جانے کے لیے عدالتوں میں درخواستیں دے رہے ہیں، ملک 1947 میں آزاد ہوگیا تھا، عمران خان کی حکومت میں کارٹیل ملک پر مسلط تھے، آج ملک آزاد اور خودمختار اور آئین کے مطابق چل بھی رہا ہے، پہلی دفعہ ووٹ کے ذریعے عدم اعتماد کے ذریعے کرپٹ ٹولے کو باہر کیا۔
عمران خان نے پہلے توشہ خانہ قانون تبدیل کیا: وزیراعظم شہباز شریف
اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کے معاملے پر شہباز شریف نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان نے پہلے توشہ خانہ قانون تبدیل کیا، سابق وزیراعظم نے تحائف دبئی میں بیچے، ایک ہار، انگوٹھی اور گھڑی کم قیمت میں خرید کر فروخت کر دی۔
حکومت سے خریدی گئی اپنی گھڑی فروخت کر کے عمران خان نے کیا جرم کیا:فواد چودھری
فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کچھ نہیں ملا تو گھڑی کا ایشو لے آئے، پہلے یہ بتائیں کہ گھڑی کا ایشو ہے کیا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ حکومت سے خریدی گئی اپنی گھڑی فروخت کر کے عمران خان نے کیا جرم کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شہباز شریف الجھے ہوئے ہیں اُنہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ کرنا کیا ہے، عمران خان پر الزامات لگانے سے اُن کا اپنا ہی منہ کالا ہوگا، بہتر ہوگا شہباز شریف ملکی مسائل پر توجہ دیں۔
مریم نواز
دوسری طرف لیگی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے اصل کہانی یہ نہیں کہ عمران خان نے گھڑی اور ہار پہلے خریدے، پھر بیچ دئیے بلکہ اصل کہانی یہ ہے کہ گھڑی اور ہار حکومت سے کتنے میں خریدے اور کتنے میں بیچے گئے۔
مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ سوال یہ ہے کہ تحائف خریدنے کے لئے ان کے پاس پیسے کہاں سے آئے کیونکہ سابق وزیراعظم کی تنخواہ کے علاوہ تو ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں تھا۔