اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادیمر پیوٹن کو جوابی خط لکھا، تہنیتی پیغام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خط میں وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ پاک روس دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار اور کہا کہ پاکستان افغانستان کے معاملے پر روس کو ساتھ لیکر چلنا چاہے گا۔
خیال رہے کہ روسی صدر نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کو انتخاب پر مبارکباد کا خط لکھا تھا۔
ادھر بطور وزیراعظم شہباز شریف 27 اپریل کو اپنے پہلے دورے پر سعودی عرب جائیں گے جبکہ ان کے ساتھ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی ہوں گے، ان کی اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقات شیڈول ہے۔