حکومت سندھ ہاؤس پر حملے کی تیاری کر رہی ہے، پیپلز پارٹی کا الزام

Published On 17 March,2022 01:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے حکومت پر سندھ ہاؤس پر حملے کی تیاری کا الزام لگا دیا، پیپلزپارٹی ارکان اسمبلی نے کہا کسی رکن کونقصان پہنچا تو ذمہ دارحکومت ہو گی۔

اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں ارکان پارلیمنٹ کی خریدو فروخت اور ہارس ٹریڈنگ کی بازگشت جاری ہے، سندھ ہاؤس میں رہائش پذیر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے سندھ پولیس کی سکیورٹی مانگ لی ہے۔ عبدالقادر پٹیل، آغا رفیع اللہ، مہرین بھٹو اور دیگر ارکان اسمبلی نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ ہاوس پر حملے کی تیاری کر رہی ہے، سندھ ہاؤس کی تنصیبات یا کسی رُکن کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضمیر کے سودے ہو رہے ہیں، لوگوں کی بولیاں لگ رہی ہیں، حکومت سندھ ہاؤس پر کیوں حملہ کرےگی۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے سندھ ہاؤس سے متعلق ٹویٹ کیا کہ سندھ حکومت نے کس ضابطے کے تحت دارالحکومت میں مسلح دستے جمع کئے، وزیراعلیٰ سندھ بتائیںاسلام آباد میں سندھ پولیس کے دستوں کا کیا جواز ہے۔

قومی اسمبلی میں ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے ہمارے ارکان کہیں غائب نہیں ہوئے، اسلام آباد میں ہی موجود ہیں، ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ پی ٹی آئی کو نااہل مشیروں کے باعث آج کی صورتحال کا سامنا ہے۔