شہباز شریف کا بیان ماورائے آئین ہے: فواد چودھری

Published On 16 March,2022 11:53 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہبازشریف سیاسی مستقبل سے مایوس، ن لیگی صدر کا بیان ماورائے آئین ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے تنقید کی اور کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے حلف کی خلاف ورزی کی، تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، حزب اختلاف نے ارکان کی خریدو فروخت کیلئے منڈی لگا رکھی ہے۔

مینڈیٹ ملنے پر مائنس پی ٹی آئی قومی حکومت بنانے کے خواہشمند ہیں: شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے ہاتھ ملانے کی خواہش نہیں ہے، عمران خان ہاتھ ملانے اور اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، دن رات جھوٹ، گالی گلوچ کرتا ہے، ہمیں بھی اس سے کوئی بات کی ضرورت نہیں، تبدیلی کے نعرے لگا کر پاکستان کو معاشی طور پرتباہ کر دیا گیا، نئے الیکشن ہی تمام مسائل کا حل، تحریک عدم اعتماد کے بعد قانون سازی کرکے عام انتخابات کی طرف جانا چاہیے، مینڈیٹ ملنے پر مائنس پی ٹی آئی قومی حکومت بنانے کے خواہشمند ہیں۔

مخالفین نے گھوڑوں اور گدھوں کا مینا بازار لگا رکھا ہے: فواد چودھری

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ڈی چوک جلسے سے پہلے ہی اپوزیشن پر گھبراہٹ طاری ہے، سیاست کمزور دل لوگوں کا کام نہیں، مخالفین نے گھوڑوں اور گدھوں کا مینا بازار لگا رکھا ہے، جاوید لطیف نے ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کرلیا، الیکشن کمیشن بیان پر نوٹس لے۔

اسلام آباد میں اسد عمر اور فرخ حبیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست کے یہ آخری دن ہیں، ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا آگے، آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا، سندھ ہاؤس میں کھچروں، گھوڑوں، گدھوں کا مینا بازار لگایا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو خرید و فروخت نظر نہیں آتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے چہرے کبوتروں جیسے ہیں، ان کی سیاست ختم ہو رہی ہے، فضل الرحمان، (ن) لیگ عمران خان جیسا ایک جلسہ بھی کر کے دکھا دیں، مدرسے کے بچوں کے ساتھ جلسے نہیں ہوتے، مرد بنیں عمران خان کی طرح جلسے کر کے دکھائیں۔

نیوز کانفرنس میں اسد عمر نے کہا کہ 27 مارچ کا جلسہ دنیا یاد رکھے گی، اپوزیشن کی عدم اعتماد تحریک کے غبارے سے ہوا نکلنا شروع ہوگئی ہے، جلسے کے حوالے سے 7 انتظامی کمیٹی بنا دی گئی ہے، تمام صوبائی صدور بھی جلسے کے حوالے سے کمیٹیاں بنائیں گے، ملک کے کونے، کونے تک 27 مارچ جلسے کا پیغام پہنچائیں گے، عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، قوم خود دار لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔