فیصل آباد : (دنیا نیوز) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے گڑ میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکت کیلئے طلبا و طالبات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی۔
مکئی کی روٹی کے ساتھ سرسوں کے ساگ کا مزہ کی تو کیا بات ہے ، اس کے ساتھ گنے کا تازہ رس اور گرما گرم تازہ گڑ مل جائے تو موسم بہار کے رنگوں کی دلکشی بڑھ جاتی ہے۔ یہ سبھی رونقیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ گڑ میلے کے دوران دیکھنے میں آئیں۔
ڈھول کی تھاپ پر لُڈی، بھنگڑے اور ٹپے کے ساتھ گُڑ میلے میں شریک نوجوانوں نے خوب رنگ جمایا۔ گڑ میلے میں پنجاب کی ثقافت کو نمایاں کرنے کے لئے گڑ کی چائے، مٹی کے برتن، پگڑی اور پنجابی لباس سمیت مختلف اشیا کے سٹال سجائے گئے تھے۔
گڑ میلے کے دوران گنے کے تازہ رس سے گڑ کی تیاری کے مراحل بھی دکھائے گئے، اس موقع پر زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کہتے ہیں کہ کسان اور دیہاتوں کے کلچر کو پرموٹ کرنے کے لیے میلے کا انعقاد کیا گیا۔
گڑ میلے کے دوران چٹ پٹے اور کھٹے گول گپوں کا سٹال طالبات کی توجہ کا مرکز بنارہا۔