فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازاروں میں لگائے گئے کیمرے غیر فعال ہو گئے۔ چوری ، ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے تاجروں کے تعاون سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے تھے جو اب انتظامی غفلت کی وجہ سے غیر فعال ہو گئے ہیں۔
فیصل آباد کے مرکز چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے، ان آٹھوں بازاروں میں ہونے والی ہر قسم کی نقل و حمل پر نظر رکھنے اور ڈکیتی چوری سمیت دیگر وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے تاجروں کے تعاون سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر کے بالائی حصے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔ جن کی حفاظت نہ ہونے اور انتظامی غفلت کے باعث کیمرے انسٹال ہونے کے چند ماہ بعد ہی غیر فعال ہوگئے۔
حالیہ دنوں میں گھنٹہ گھر پر کیمرے تو نصب ہیں لیکن انہیں چلانے اور مانیٹرنگ کیلئے انسٹال کیا گیا سسٹم سِرے سے ہی غائب ہوچکا ہے البتہ معاملے پر سٹی پولیس آفیسر کہتے ہیں کہ دوبارہ سے تاجروں اور صنعتکاروں کے تعاون سے چوک گھنٹہ گھر سمیت دیگر کاروباری مراکز اور اہم مقامات پر کیمرے لگائے جارہے ہیں۔
آٹھوں بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے لگائے کیمرے غیر فعال ہونے سے نہ صرف مانیٹرنگ سسٹم ختم ہوچکا ہے بلکہ سرکاری خزانے کو بھی نقصان کا سامنا ہے۔