فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں حکومتی اور انتظامی نااہلی کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہری محکمہ صحت سے سخت نالاں ہیں۔
ایک طرف مہنگائی کی ہاہاکار تو دوسری جانب سرکاری ہسپتالوں کا برا حال ہے۔ سال 2021-22 کے ادویات کے سینٹرل پرچیز کنٹریکٹ بروقت نہ ہونے سے مریض رل گئے۔ بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی نزلہ، کھانسی ، بخار جیسی عام ادویات بھی ناپید ہو گئی ہیں۔ ادویات سے محروم شہریوں کا کہنا ہے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔
مریض کہتے ہیں ہسپتالوں میں ڈاکٹرز چیک اپ کے بعد نسخہ لکھی پرچی ہاتھ میں تھما دیتے ہیں۔ فوکل پرسن سول ہسپتال کے مطابق سینٹرل پرچیز کنٹریکٹ میں تاخیر کی وجہ سے ادویات کی کمی ہوئی۔
ادویات کی قیمتوں میں بار بار اضافے کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں میں رش بڑھتا جارہا ہے لیکن ادویات نہ ہونے سے عوامی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔