کراچی: (دنیا نیوز) مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایف بی آر کا خیال ہے کہ صوبوں سے پیسے کاٹ کر اپنی جیب میں بھرو، وفاقی کابینہ میں معاون خصوصی، مشیر اور وزیروں کی ایک فوج ہے، سنا ہے اب وزراء کی تعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ تمام ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں، نواب شاہ واقعہ کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، اسٹریٹ کرائم میں وہ بھی شامل ہیں جن کے معاشی حالات ٹھیک نہیں، دہشتگردی کے خاتمے میں فوج نے مدد کی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 9 مارچ کو خالی ہونیوالی نشست پر انتخابات ہوں گے، آج نثار کھوڑو نے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں، سیف سٹی سے متعلق معاملات آخری مراحل میں ہیں، سیف سٹی کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کر رہے ہیں، وفاق این ایف سی کا پیسہ صوبوں سے اکٹھا کرتا ہے، وفاق صوبائی حکومت سے مشاورت کا پابند ہے، تعلیمی اداروں میں جو واقعات ہوئے یا ہو رہے ہیں، ایکشن لے لیا ہے، جرائم میں اضافے کی وجہ معاشی صورتحال بھی ہے۔