وزیراعظم عمران خان کی بی آر ٹی منصوبے کو گولڈ اسٹینڈرڈ ایوارڈ ملنے پر مبارکباد

Published On 18 February,2022 03:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بی آر ٹی منصوبے کو گولڈ اسٹینڈرڈ ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیکنیکل اسٹینڈرڈ کمیٹی نے بی آر ٹی کو 100 میں سے 97 پوائنٹس دیئے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی کو عالمی سطح کی معیاری سروس قرار دیا گیا، بی آر ٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ شعبے میں انقلاب برپا کر دیا، بی آر ٹی سروس پر 71 ملین افراد سفر کرچکے ہیں، ڈھائی لاکھ افراد روزانہ بی آر ٹی پر سفر کرتے ہیں۔

ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشہ روز وزیراعظم پورٹل کی چھتری تلے تعلیمی وظائف کی شکایات کیلئے مکمل طور پر ایک الگ پورٹل متعارف کروایا، یہ طلبہ کی شکایات کے بر وقت اور مربوط حل کو یقینی بنائےگا، رواں مالی سال کے دوران ملک بھر میں 2.6 ملین کے اسکالرشپس مستحق طلبا کو دیئے جائیں گے، قابل طلبہ و طالبات کو 28.3 ارب روپے کے وظائف دیے جائیں گے۔