محسن بیگ کیس: ایڈیشنل سیشن جج نے جلد بازی میں حکم جاری کیا: وزیراعظم کو بریفنگ

Published On 17 February,2022 07:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ محسن بیگ کیس میں ایڈیشنل سیشن جج نے جلد بازی میں حکم جاری کیا، قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے ملاقات کی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے صحافی محسن بیگ کے معاملے پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

ملاقات میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ جو کچھ چل رہا ہے وہ سچ نہیں ہے، کچھ عناصر تحریک انصاف کی مخالفت میں معاملے کو غلط رنگ دے رہے ہیں، قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے، محسن بیگ نے ایف آئی اے اہلکار کو زخمی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے محسن بیگ کے گھر چھاپے کو غیر قانونی قرار دے دیا

انہوں نے کہا کہ محسن بیگ نے پولیس اور ایف آئی اے اہلکاروں پر بندوق تانی، محسن بیگ نے آن ڈیوٹی پولیس اور ایف آئی اے اہلکاروں کو دھمکیاں دیں، ایڈیشنل سیشن جج نے جلدی میں محسن بیگ سے متعلق حکم جاری کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، اپوزیشن کے پاس حکومت پر تنقید کے لیے ایجنڈا نہیں ہے، میری حکومت پر تنقید برائے تعمیر ہو تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ تنقید کا مطلب کسی کی ذات پر حملہ کرنا یہ کسی کو پسند نہیں، قانون کی حکمرانی کےلیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہوں۔