محسن بیگ کیس: ایڈیشنل سیشن جج کیخلاف باقاعدہ شکایت درج کرانے کا فیصلہ

Published On 17 February,2022 09:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محسن بیگ کیس میں ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے فیصلہ دینے والے ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی نے کہا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج نے فیصلہ لکھتے ہوئے اختیارات سے تجاوز کیا، ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف شکایت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کے پاس جمع کروائیں گے، آئندہ ایک سے دو روز میں شکایت اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی جائے گی۔

محسن بیگ کیس: ایڈیشنل سیشن جج نے جلد بازی میں حکم جاری کیا: وزیراعظم کو بریفنگ

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایڈووکیٹ جنرل نے صحافی محسن بیگ کے معاملے پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ جو کچھ چل رہا ہے وہ سچ نہیں ہے، کچھ عناصر تحریک انصاف کی مخالفت میں معاملے کو غلط رنگ دے رہے ہیں، قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے، محسن بیگ نے ایف آئی اے اہلکار کو زخمی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے محسن بیگ کے گھر چھاپے کو غیر قانونی قرار دے دیا

انہوں نے کہا کہ محسن بیگ نے پولیس اور ایف آئی اے اہلکاروں پر بندوق تانی، محسن بیگ نے آن ڈیوٹی پولیس اور ایف آئی اے اہلکاروں کو دھمکیاں دیں، ایڈیشنل سیشن جج نے جلدی میں محسن بیگ سے متعلق حکم جاری کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، اپوزیشن کے پاس حکومت پر تنقید کے لیے ایجنڈا نہیں ہے، میری حکومت پر تنقید برائے تعمیر ہو تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ تنقید کا مطلب کسی کی ذات پر حملہ کرنا یہ کسی کو پسند نہیں، قانون کی حکمرانی کےلیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سینئر صحافی محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا تھا۔

صحافی محسن بیگ کے خلاف ایف آئی اے نے مراد سعید کی شکایت پر مقدمہ درج کیا جبکہ پولیس نے الگ سے انسداد دہشت گردی ایکٹ کا مقدمہ درج کیا۔

اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں محسن بیگ کے خلاف درج مقدمے میں انکے بیٹے کو بھی نامزد کیاگیا تھا، جس میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔ جب کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بھی وفاقی وزیر مراد سعید کی درخواست پر محسن بیگ کے خلاف مقدمہ درج کیاتھا۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ محسن بیگ نے بیٹے و ملازمین کے ہمراہ سرکاری ملازمین پر فائرنگ کرکے جرم کا ارتکاب کیا، ملزم کو تھانہ مارگلہ اسلام آباد منتقل کیاگیا تھا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے گزشتہ روز محسن بیگ کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔