اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ لوئر دیرسے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لوئر دیر میں 27 جنوری کو تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ شیڈول ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ تحریک انصاف کے صوبائی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ وزیراعظم کے دورہ کیخلاف جماعت اسلامی نے کل آل پارٹی کانفرنس بھی طلب کی ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ 27 مارچ کو کروانے کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی 7 سے 11 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے، دوسرے مرحلے کے انتخابی نتائج کا اعلان یکم اپریل 2021 کو کیا جائے گا۔
الیکشن کمشنر کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لوئر دیر کو جلسہ روکنے سے متعلق لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن شیڈول کے بعد وزیراعظم حلقے کا دورہ نہیں کرسکتے، وزیراعظم کا دورہ قوانين کی خلاف ورزی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مارچ میں بلدیاتی انتخابات ميں لوگ ووٹ کا حق استعمال کریں گے، الیکشن شیڈول کے بعد کسی بھی ترقیاتی منصوبے کا اعلان اور افتتاح خلاف قانون ہے۔