اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملک میں مہنگائی کیخلاف آئندہ سال 23 مارچ سے مہنگائی مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تمام رہنماؤں نے شرکت کی اور ملکی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اسمبلیوں سے استعفوں کا مسئلہ بھی زیرغورآیا، استعفوں کا کارڈ کب اورکس طرح استعمال کرنا ہے اس کا فیصلہ وقت پرکریں گے، کل پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس دوپہر دو بجے ہو گا۔
سانحہ سیالکوٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ تمام اراکین اجلاس نے اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں پہنچتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 23 مارچ کو اسلام آباد میں مہنگائی مارچ ہو گا۔ یہ بہت بڑا مظاہرہ ہوگا، اسلام آباد میں جمعہ کی نمازادا کریں گے، پوری قوم اس میں شریک ہو گی۔ پورے ملک کے کونے کونے سے لوگ اسلام آباد کی طرف آئیں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن، پاکستان بارکونسل، بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے، مشاورت سے ایک بڑا سیمینارمنعقد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں 2018 کے نیتجے میں دھاندلی کی پیداوارحکومت وجود میں آئی۔ حکومت عوام کی سپورٹ سے محروم تھی، آج حکومت ناکامی کا منہ دیکھ رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، تحریکیں مسلسل جدوجہد کا نام ہے، مولانا میڈیا سے ناراض آپ لوگوں نے غلط خبرچلائی۔
صوبے میں احتجاج سے متعلق اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ چاروں صوبوں کی مرکزی قیادت مشاورتی اجلاس کریں گی۔ اویس شاہ نورانی سندھ میں پی ڈی ایم کا اجلاس بلائیں گے۔ بلوچستان میں اجلاس کی قیادت محمود خان اچکزئی کرینگے جبکہ پنجاب میں ذمہ داری شہباز شریف کو دی گئی ہے۔