اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار نے تاحیات نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا، صدر سپریم کورٹ بار نے تمام عہدیداروں سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے لندن سے واپسی کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں گفتگو کی، احسن بھون نے کہا کہ کسی بھی شحض کو تاحیات نااہل نہیں قرار دیا جاسکتا۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ بار کے تمام عہدیداروں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، سپریم کورٹ بار آئندہ ہفتے تاحیات نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکرے گی۔
صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے مزید کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس 2021 کے خلاف سپریم کورٹ بار نے پٹیشن تیار کرلی ہے جو جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کسی آڈیو اور وڈیو کی سیاست میں نہیں پڑے گی۔