اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ہری پور کے علاقے سورج گلی میں قائم کرشر پلانٹس کے خلاف درخواست پرسیکرٹری معدنیات خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کر دیا، عدالت نے پہاڑوں کی بلاسٹنگ پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران ستماعت عدالت نے کمپنی ہیگلربیل سے سورج گلی میں واقع کرشرپلانٹس کے ماحولیاتی معیار پررپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پاور کرشر پلانٹس کے وکیل کے مطابق سورج گلی میں واقع تینوں کرشر پلانٹس ماحولیاتی میعار کے مطابق ہیں۔ مقامی آبادی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ کرشر پلانٹس کے باعث مقامی آبادی کے افراد کینسر اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے بھر میں پاور کرشر پلانٹس سے متعلق رہورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ مقامی آبادی کے درخواست گزار پہلے خود ان کرشر پلانٹس میں نوکری کر رہے تھے۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ ایڈوکیٹ جنرل صاحب آپکی ترجیح صوبے کے عوام ہونے چاہئیں نہ کہ کرشر پلانٹس کے مالکان، عدالت نے سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کردی۔