لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے حلقے این اے 133 میں ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا، پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہےگی۔
ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 11امیدوار میدان میں ہیں، ن لیگ کی شائستہ پرویز اور پیپلز پارٹی کے اسلم گل میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔ پی ٹی آئی امیدوارجمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی مستردہوگئے تھے، نشست ن لیگ کے پرویز ملک کی وفات کے باعث خالی ہوئی۔
حلقے میں 254 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 34 حساس اور 21 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ ووٹرز کی تعدا د4 لاکھ 40 ہزار 485 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 33ہزار 558 جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد 2 لاکھ 6ہزار927 ہے۔ این اے 133 میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔