اسلام آباد: (دنیا نیوز) افسران کے صوبائی سطح پر تبادلوں کا معاملہ وزیراعظم عمران خان تک پہنچ گیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے گزشتہ روز تبادلوں کا معمالہ وزیراعظم کے سامنے رکھا، جس پر عمران خان نے وزیر اعلی کو کہا کہ سب کو میرٹ، پالیسی اور قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے وزیراعظم سے گزشتہ روز ملاقات میں درخواست کی کہ پنجاب کے سول اور پولیس افسران کو فوری تبدیل نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ تبدیل کیے جانیوالے افسران کو اہم ٹاسک دے رکھے ہیں، کچھ ماہ تک ان کی جگہ نئے آفیسر تلاش کرلئے جائیں گے، پھر ان کے ٹرانسفر پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
وزیراعلی کی دراخوست پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ حکومت کی پالیسی سب کے لئے یکساں ہے اور اب سب کو میرٹ، پالیسی اور قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق تبادلوں پر وزیراعظم عمران خان نے اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن کو قانون اور پالیسی پر عملدرآمد کا حکم دے دیا اور کہا کہ کسی بھی آفیسر کو پالیسی سے ہٹ کر سپورٹ نہیں کیا جائے گا۔