اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے گھی اور آئل ملز کے خلاف تحقیقات روکنے کے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کو معطل کرتے ہوئے مسابقتی کمیشن کو انکوائریز جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاملہ کی سماعت کی۔ مسابقتی کمیشن کے وکیل نے دلائل دیئے کہ وزیر اعظم پورٹل پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی شکایت پر 117 ملوں کے خلاف انکوائری شروع کی مگر لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے باعث تمام انکوائریز زیر التواء ہیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر رہے ہیں، مسابقتی کمیشن اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ملوں کے خلاف انکوائری کرے، لاہور ہائیکورٹ کے حکم میں چند خامیاں ہیں، جن پر وضاحت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔