ن لیگ عوام کے احساسات کی ترجمانی، تکالیف کا مداوا کرنا چاہتی ہے: مریم نواز

Published On 06 November,2021 06:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور مسلم لیگ ن عوام کے احساسات کی ترجمانی اور انکی تکالیف کا مداوا کرنا چاہتی ہے اور آواز بننا چاہتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار بیان میں انہوں نے لکھا کہ نااہل حکمران کا مسلط کردہ مہنگائی کا شدید عذاب، فاقہ کشی سے تنگ آئے لوگوں کی خودکشیاں، ہر شعبے میں خطے کا سب سے پسماندہ ملک بنا دینے کے بعد بھی اوپر سے نیچے تک جھوٹ کا کاروبار جاری ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جب حکمران کا دل عوام کی ہمدردی اور آنکھ حیا سے عاری ہو جائے آئے تو یہی ڈھٹائی دیکھنے میں آتی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آدھی سے زیادہ آبادی غربت کے گڑھے میں داخل کر دینے کے بعد بھی گز بھر کی لمبی زبانیں انہیں کی نکل سکتی ہیں جو غریب کا درد نہیں جانتے۔ ذرا پوچھو لوگوں سے کہ وہ 2017 والا نواز شریف کا پاکستان چاہتے ہیں یا تمہارا غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، دہشت گردی اور فاقہ کشی والا پاکستان؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور مسلم لیگ ن عوام کے احساسات کی ترجمانی اور انکی تکالیف کا مداوا کرنا چاہتی ہے، آپ کی دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتی ہے اور آپ کی آواز بننا چاہتی ہے۔

آخر میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے عوام سے پوچھا کہ آپ کے خیال میں اس سلسلے میں ہمارا سب سے موثر اور انتہائی اقدام کیا ہونا چاہیے؟