کرتار پور راہداری حکومت کی اقلیتوں کے حقوق کے عزم کی عکاسی کرتی ہے: وزیراعظم

Published On 09 November,2021 04:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرتار پور راہداری میری حکومت کی اقلیتوں کے حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ آج کرتار پور راہداری کو بنے دو سال مکمل ہو گئے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کا ایک کوریڈور جو بھارت کی سکھ برادری کو ان کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک تک خصوصی رسائی کی اجازت دیتا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ نارووال میں تعمیر کرتار پور راہداری میری حکومت کی اقلیتوں کے حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کرتار پور راہداری کو بنانے کا ہمارا عزم ایسے وقت میں سامنے آیا جب ہم کشمیریوں، بھارتی مسلمانوں اور دیگر اقلیتیں بی جے پی کی ہندتوا حکومت کے منظم ظلم و ستم کا سامنا کر رہی تھیں۔ بھارتی حکومت کی یہ ذہنیت آج ہمارے خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔