قتل اور ظلم کے باوجود تحریک آزادئ کشمیر زور پکڑتی جا رہی ہے: وزیراعظم

Published On 27 October,2021 07:46 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ثابت قدم کشمیریوں کے قتل عام اور ظلم و جبر کے باوجود تحریک آزادئ کشمیر زور پکڑتی جا رہی ہے۔

ٹویٹر پر اپنے جاری کردہ سلسلہ وار بیان میں وزیراعظم نے لکھاکہ کشمیری عوام پر تسلط جمانے اور انہیں محکوم بنانے کیلئے بھارتی فوج کی سرینگر پرلشکر کشی کی یاد میں آج اہلِ پاکستان و کشمیر دنیابھر میں یومِ سیاہ منا رہےہیں۔1947ء کے اس تاریک دن سے لیکر آج تک کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی تسلط اہلِ کشمیر کی جدوجہدِ آزادی دبانے میں یکسر ناکام رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سفاک سرکار مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی تمام حدود عبور کرتے ہوئے لگاتار انسانیت سوز جنگی جرائم کے ساتھ نڈر اور ثابت قدم کشمیریوں کے قتل عام کر رہی ہے۔ اس ظلم و جبر کے باوجود تحریک آزادئ کشمیر زور پکڑتی جا رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کیساتھ روا رکھی گئی ناانصافی کے خاتمے اور انہیں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے حقِ خود ارادیت میسر آنے تک پاکستان پوری ثابت قدمی سے اہلِ کشمیر کی منصفانہ تحریک کی حمایت جاری رکھے گا۔