وہاڑی: (دنیا نیوز) وہاڑی میں صوفی بزرگ حضرت علی محمد المعروف سائیں راب راکھا سرکار کے سالانہ عرس کی تقریبات جاری ہیں۔
اس موقع پر صدیوں پرانے روایتی فن بازی گر اور جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس پر شائقین اش اش کر اٹھے، مہمان خصوصی ایم این اے طاہر اقبال چوہدری،قمر اقبال چوہدری، معروف بزنس مین چوہدری تیمور اسلم اور اھلیان علاقہ کی کثیر تعداد روایتی فن کے مظارے سے محظوظ ہوتی رہی۔
بازیگری قدیمی فن ہے، سابقہ ادوارمیں راجے مہاراجے بازیگری کے سالانہ کھیلوں کا انعقاد کیا کرتے تھے۔ موجودہ جدید دور میں بھی وہاڑی کے علاقہ میں بازیگروں نے اس فن کوزندہ رکھا ہوا ہے۔
بازی گروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت سرپرستی کرے تو اس فن کو مزید وسعت دے کر عالمی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کرسکتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس کھیل میں ہر وقت جان جانے کے خدشات رہتے ہیں لیکن بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے ہم خطرات مول لینے پر مجبور ہیں۔
یہ بازیگر بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے جان جوکھوں میں ڈال کر شائقین کو محظوظ کرتے ہیں، بازیگری کے کھیل کو نہ سرکاری سرپرستی حاصل ہے اور نہ ہی بااثر افراد اس کی سرپرستی کرتے ہیں۔ بازیگروں نے بارہ فٹ سے زائد بلندی سے چھلانگیں لگانے کے علاوہ کڑے اور آگ سے گزر کر خوب داد وصول کی۔ شائقین نے تالیاں بجا کر فنکاروں کو بھرپور داد دی۔