این اے 133ضمنی الیکشن، جمشید اقبال چیمہ نے ن لیگ سے درخواست کر دی

Published On 04 November,2021 05:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) این اے 133 ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے الیکشن لڑنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن سے درخواست کر دی۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تکنیکی بنیادوں پر الیکشن سے باہر نہ کریں، شہبازشریف، نوازشریف اور مریم نواز سے درخواست کر لیتے ہیں، مسلم لیگ ن کو چاہئے ہمیں اجازت دے دیں، تکنینکی بنیادوں پرباہر نہ کریں، یہ مفاہمت کا پرچار کرنے والے ہیں ،مفاہمت کی پہلی اینٹ یہاں سے رکھ لیں۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار پرویز ملک انتقال کر گئے تھے جس کے بعد خالی ہونے والی سیٹ کے لیے ضمنی الیکشن ہونا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے جمشید اقبال چیمہ کو الیکشن لڑنے کے لیے میدان میں اتارا گیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ نے پرویز ملک کی خالی ہونے والی سیٹ پر ان کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک کو امیدوار چنا تھااور پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے اسلم گل الیکشن لڑ رہے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے جمشید اقبال چیمہ کے الیکشن لڑنے کو ریٹرننگ آفیسر میں چیلنج کیا جس کے بعد آر او نے فیصلے ن لیگ کے حصے میں دیتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ اور ان کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔