لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اورپاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے لاہور میں ملاقات کی۔
ظہرانے پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن، خصوصی طور پر افغانستان کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے شہباز شریف کی پنجاب میں بطورِ وزیر اعلی پنجاب خدمات کو سراہا۔
ملاقات میں مسلم لیگ ن کے دور میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور مسلم لیگ ن کے دور میں معاشی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس سے قبل امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے بھی ملاقات کی۔
مریم نواز اور امریکی ناظم الامور کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی، دونوں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، پاک امریکا تعلقات، عالمی وعلاقائی امن وسلامتی، خطے اور بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ کیا گیا۔
خواتین اور بچوں کے حقوق، تعلیم وصحت اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر بھی بات کی گئی۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اپنا قریبی ہمسایہ سمجھتے ہیں اور اس کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں، ہم افغان عوام، خواتین اور بچوں کے لئے امن، ترقی اور خوش حالی کے خواہاں ہیں، افغانستان کے عوام کی انسانی مدد کے لئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔