راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں آذربائیجان، بحرین، عراق، سعودی عرب اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول اکیڈمی میں 144 ویں لانگ کورس اور دیگر کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقادکیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان خصوصی سعودی رائل ائیر فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد نے معائنہ کیا، مہمان خصوصی جنرل فیاض بن حامد نے کیڈٹس میں اعزازت بھی تقسیم کیے۔ بٹالین سینیئر انڈر آفیسر عثمان انور کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، بٹالین سینئر انڈر آفیسر حمزہ نذیر نے صدارتی گولڈ میڈل حاصل کیا۔
سری لنکا کے سینیئر انڈر آفیسر وناسینگل کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سے نوازاگیا، کمانڈنٹ میڈل سعودی عرب کے جونیئر انڈر آفیسر رافد عبداللہ کو ملا، کورس انڈر آفیسرز وقار محمد اور حسن ابرار کو چیف آف آرمی سٹاف کین سے نوازا گیا، کورس انڈر آفیسرز حنا بخاری اور حور فاطمہ کو کمانڈنٹ کین سے نوازا گیا۔
سعودی افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا، انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک بھی دی۔