خطے میں امن کیلئے عالمی اداروں اور ریاستوں کیساتھ کھڑے ہیں: پرویز خٹک

Published On 07 October,2021 06:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نےکہا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے لیے علاقائی و عالمی اداروں اور ریاستوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آسیان ریجنل فورم کے دفاعی یونیورسٹیوں، کالجز اور اداروں کے سربراہوں کا 24 واں اجلاس ہوا، پاکستان اور ملائیشیاکی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹیز نے مشترکہ صدارت کی، فورم کا اجلاس اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ہوا۔ رکن ممالک کے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی فورم میں حصہ لیا، این ڈی یو کے صدر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے ان کا استقبال کیا، وزیر دفاع نے فورم کے مقاصد کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خطے میں اعتماد کے فروغ کے لیے سکیورٹی سٹڈیز، قیام امن اور تحقیق کے شعبہ میں تعاون اہمیت رکھتا ہے، پاکستان خطہ اور دنیا میں امن کے لیے علاقائی و عالمی اداروں اور ریاستوں کے ساتھ کھڑا ہے، دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کا کردار سب پر عیاں ہے، پاکستان تنازعات کے پرامن حل چاہتا ہے، پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کی ہے۔