راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، دوستانہ اور گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف سے سعودی رائل نیول فورسز کے کمانڈر نے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال، افواج میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سمندری امور بھی زیر غور آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی کمانڈر نے افغان صورتحال خاص کر غیر ملکیوں کے انخلا میں پاکستان کے کردار کو سراہا، سعودی کمانڈر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، دوستانہ اور گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کیا ہے۔
بعدازاں چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا سے سعودی امیر البحر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا سے سعودی امیر البحر نے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی امور، سیکیورٹی خاص کر افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی فوجی اور دیگرشعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر بھی بات کی گئی۔ جنرل ندیم رضا نے دونوں ممالک میں دفاعی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب تعاون کے خطہ کے امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔