شریف خاندان اختلافات، جھوٹ، فریب اور ملک دشمنی کی آماجگاہ بن چکا:فیاض چوہان

Published On 30 September,2021 02:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شریف خاندان اختلافات، جھوٹ، فریب اور ملک دشمنی کی آماجگاہ بن چکا۔ ایف آئی اے پوچھے تو شہباز شریف اپنے بیٹوں کے کاروبار سے لاتعلقی دکھاتے ہیں۔ برطانوی عدالت میں کیس ہو تو یہ دونوں موصوف باپ بیٹا بن جاتے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شریف خاندان کو کرپشن اور لوٹ مار کے ساتھ انصاف بھی اپنی مرضی کا چاہیے۔ آج انہیں لندن کی ایک ایجنسی ٹھیک اور پاکستان کا پورا عدالتی نظام بےکار لگ رہا ہے۔ حمزہ شہباز کو جسٹس شائق عثمانی کے خیالات اچھے لگے، موجودہ ججز کے بارے میں انکا کیا خیال ہے۔ آئے روز شریف دور کی دو نمبریاں عوام کے سامنے آ رہی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 7 ارب 32 کروڑ اور 25 ارب کے کرپشن کیسز پر شہباز شریف کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔ اپنے دور کے ساڑھے سترہ ہزار ارب کے آڈٹ پیراز کا آج تک شہباز شریف نے جواب نہیں دیا۔ شریف خاندان آج سے 8 سال پہلے آج سے تین گنا مہنگی سڑکیں بنا رہا تھا۔ ہم ایسے سوال پوچھیں تو شہباز شریف برا مان جاتے ہیں۔ بارہا کہہ چکا ہوں کہ یہ خاندان ٹکے ماری میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کر چکا ہے۔ شریف خاندان نے عوام کو جتنا چونا لگانا تھا، لگا لیا۔