اسلام آباد: (دنیا نیوز) چئیرمین نیب کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ہے۔ جس میں موجودہ چئیرمین نیب کو برقرار رکھنے یا نئی تقرری کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کا عہدہ خالی نہ چھوڑا جائے اور نئے تقرری تک موجودہ چیئرمین نیب کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔ ذرائع کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ چئیرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے کو 8 اکتوبر تک حتمی شکل دی جائے۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔ وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئینی وقانونی پہلوؤں کی روشنی میں تجاویز تیار کی جائیں۔ اجلاس میں چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت اور نئی تقرری میں تعطل کی صورت میں حکومتی آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔