کراچی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کراچی کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے آمد پر استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے خطہ میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں ہائبرڈ خطرات سے موثر طور پر نمٹنے اور قومی سوچ کے ساتھ اجتماعی جوابی ردعمل دینے پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبے کی اندرونی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ صوبے میں امن کے لیے فوج اور رینجرز کی قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے تعاون سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے فوج، سندھ رینجرز شہدا کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی، سپہ سالار نے سندھ پولیس، خفیہ اداروں ، اے این ایف اور ایف ایس ایف کے شہدا کے ورثا سے بھی ملاقات کی جبکہ ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور ان کی فلاح وبہبود کے حوالے سے دریافت کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فارمیشن شہدا کے خاندانوں کی بھلائی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔
دوسری طرف آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سکول کراچی کا بھی دورہ کیا۔ سکول زندگی ٹرسٹ کی جانب سے قائم کیا گیا ہے، آرمی چیف نے طالبات کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی پر سکول انتظامیہ کی تعریف کی۔