آرمی چیف سے قطر کے نائب وزیراعظم کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر گفتگو

Published On 10 September,2021 10:06 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطر کے نائب وزیراعظم نے ملاقات کی ہے جس کے دوران باہمی دلچسپی، افغان صورتحال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قطر کے نائب وزیراعظم سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ علاقائی امن کے لیے کام کرتا رہے گا، آرمی چیف نے افغانستان کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا پاکستان، افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں شیخ محمد بن عبدالرحمن نے افغانستان سے کامیاب انخلاء میں پاکستان کے کردار کو سراہا، قطری نائب وزیر اعظم نے کہا پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید وسعت کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔