اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی، جس میں فواد چودھری نے مجوزہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق اگاہ کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مسودہ پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتے ہیں، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مقصد میڈیا کی ترقی اور موثر انتظام کے لئے مربوط نقطہ نظر کو یقینی بنانا ہے، اس کے ساتھ میڈیا انڈسٹری کو ون ونڈو آپریشن فراہم کرنا ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کی جمہوری اقدار کا تحفظ، فروغ اور تنقید کا حق کسی بھی مہذب جمہوری معاشرے کے لئے ناگزیر ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے زور دیا کہ پی ایم ڈی اے کے مسودہ کو حتمی شکل دینے سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے ساتھ یقین دلایا جائے کہ اتھارٹی صحافیوں کی سہولت کیلئے ہے اور اتھارٹی سے تنقید کا حق متاثر نہیں ہوگا۔