اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پاکستان میں امریکی فوجیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت صرف 42 امریکی فوجی موجود ہیں جو کسی بھی وقت چلے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے 10302 افراد ٹرانزٹ ویزے پر پاکستان آئے، نیٹو اور اس سے متعلقہ 9032 اپنے اپنے ممالک روانہ ہو چکے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان پڑوسی ملک افغانستان میں امن کا خواہشمند ہے۔ بارڈرز اور فضائی راستوں سے انخلا کے عمل میں مدد جاری رہے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پوری دنیا پاکستان کے اقدامات کی تعریف کر رہی ہے۔ پی آئی اے واحد ایئرلائن ہے جس نے مزار شریف میں امدادی سامان پہنچایا۔
ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے انتخابی اصلاحات پڑھے بغیر محاذ کھول رکھا ہے۔ اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے۔ انھیں حکومت کی مخالفت میں شیطان سے بھی اتحاد کرنا پڑا تو کر لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ انتخابی اصلاحات کے لیے اپوزیشن ساتھ بیٹھے۔ حکومت انتخابات کا طریقہ کار غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانا چاہتی ہے۔