شہباز شریف کیخلاف کیسز مضبوط، سیاست چھوڑ کر وکلا سےمشورہ کریں: فواد چودھری

Published On 30 August,2021 02:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف مضبوط کیسز ہیں، لگتا نہیں کہ زیادہ دیر جلسوں سے خطاب کر سکیں، وہ سیاست چھوڑ کر وکیلوں سے مشورہ کریں۔

شہباز شریف کی کراچی میں پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے بھائی لندن سے واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔ پی ڈی ایم کے کراچی جلسے میں کوئی پاور نہیں تھی، ملکی تاریخ میں ایسی نا اہل اپوزیشن نہیں دیکھی۔ مولانا فضل الرحمن نے جس اتحاد کی بھی قیادت کی وہ کامیاب نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کراچی میں ریلی دراصل پیپلزپارٹی کے خلاف تھی، اس دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی انتہائی قابل مذمت ہے، اپوزیشن کب تک معصوم جانوں سے کھیلتی رہے گی۔ ملک میں مہنگائی اس لئے ہوئی کہ شہباز شریف کے صاحبزادے ، بھتیجے اور داماد ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک چلے گئے۔