کابل میں پھنسے افراد کو لانے کا مشن، پی آئی اے کا مسافروں کی واپسی کیلئے آپریشن جاری

Published On 20 August,2021 10:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ایئر لائن پی آئی اے کی افغانستان سے مسافروں کی واپسی کیلئے خصوصی پروازیں جاری ہیں۔ قومی ایئر لائنز کی دو خصوصی پروازیں مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچیں گی۔ بین الااقوامی میڈیا نے بھی قومی ائیر لائن کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ کابل میں پاکستانی سفارتخانے نے اس حوالے سے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

 افغانستان میں ہنگامی صورت حال کے پیش نظر پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے کئی عالمی تنظیموں اور مختلف ممالک کے شہریوں کو لایا جا رہا ہے۔ افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے اس کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

بین الااقوامی میڈیا نے بھی قومی ائیر لائن کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ائیر لائن نے بلا تفریق مختلف ممالک کے شہریوں کو کابل سے انخلا میں مدد کی۔ پی آئی اے نے امریکا، جرمنی، کینیڈا، جاپان، ہالینڈ اور فلپائن کے شہریوں کو کابل سے نکالا۔

عرب اخبار گلف نیوز نے پی آئی اے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ائیر لائن نے کابل سے گیارہ سو افراد کو اپنی پروازو ں کے ذریعے نکالا، جس میں سے زیادہ تر پاکستانی نہیں تھے۔ کابل سے 9 سو سفارت کاروں، صحافیوں، عالمی تنظیموں کے کارکنوں نے پی آئی اے کی سفری سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ اخبار نے پاکستان کی آن آرائیول ویزا پالیسی کو بھی سراہا ہے۔