لاہور: (دنیا نیوز) طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ ہم کسی کوبھی افغانستان کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ میں خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی فورسز کو کہا ہے کابل میں داخل ہونے کے بجائے قریب رہیں۔ کابل کی سیکیورٹی کوبہترکریں گے۔ ہم اسلامی گورنمنٹ بنائیں گے۔ دوحا میں بات چیت کا آپشن اب ختم ہوچکا ہے۔
میزبان کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ افغان طالبان کی طرف سے افغانستان کو فتح کرنے کے بعد بھارت میں بہت واویلا چل رہا ہے جس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کا رونا دھونا بیجا ہے۔ ان کا رونا دھونا افغان حکومت ختم ہونے پرہے، ان کا رونا دھونا نہیں ہونا چاہیے، افغان عوام جوحکومت بنائے انہیں تسلیم کرنا چاہیے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تمام لوگ قانون کی نظرمیں برابر ہے۔ اقلیتی برادری کے کاموں میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، تمام گروہوں کواسلامی حکومت میں شامل کریں گے، ہم کسی کوبھی افغانستان کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اکانومی کا حب بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اشرف غنی عوام کوبتائے بغیرہی ملک چھوڑکرچلے گئے، ملک چھوڑنے کا انکے قریبی ساتھیوں کوبھی علم نہیں تھا۔ ملا عبد الغنی برادر اس وقت قطر میں ہیں۔