کابل: (دنیا نیوز) امریکی ایئرفورس کے طیارے سے لٹکے افراد اڑان کے دوران زمین پر گر کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے، دوسرے واقعے میں 7 افغان شہری امریکی فوج کی فائرنگ سے مارے گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کابل چھوڑنے کے خواہشمند افغان باشندے امریکی طیارے سے لٹک گئے، پرواز کے دوران بعض گر کر ہلاک ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب امریکی طیارہ اڑان بھرنے کے دوران کافی بلندی پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے قبل کابل ائیرپورٹ پر امریکی فوج کی فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ معاملے پر امریکی اہلکار نے موقف اپنایا کہ ہوائی اڈے پر لوگوں کا ہجوم بےقابو ہو رہا تھا ، لوگ رن وے پر بھاگ رہے تھے۔ ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔ افغان عینی شاہدین کا بھی یہی کہنا ہے کہ امریکی فوج کی فائرنگ سے کئی افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
Oh my God.
Desperate Afghans are hanging on the plane tires and falling from the sky near the Kabul airport pic.twitter.com/OhIscfDNWd
— Ragıp Soylu (@ragipsoylu) August 16, 2021
دوسری جانب کابل ائیرپورٹ پر سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث قومی ائیرلائن پی آئی اے نے کابل آپریشن معطل کر دیا۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوی ایشن کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ دیگر مختلف فضائی کمپنیوں نے بھی افغان حدود سے بچنے کے لیے روٹس بدل لیے، غیر ملکی خبرا یجنسی کے مطابق یہ اقدام کسی بھی خطرے سے بچنے کے لیے کیا گیاہے۔
اشرف غنی ڈالرز سے بھری گاڑیاں لیکر بھاگے: روس کا انکشاف
افغانستان میں روسی سفارتخانے نے انکشاف کیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی ملک سے بھاگتے ہوئے ڈالرز سے بھری گاڑیاں ساتھ لیکر گئے۔
افغانستان میں روس کے سفارتخانے نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طالبان کی کامیابیوں کے بعد افغانستان کے صدر اشرف غنی ملک سے بھاگتے ہوئے امریکی ڈالرز سے بھری ہوئی 4 گاڑیاں ساتھ لیکر گئے۔ وہ ڈالرز سے بھرا ہیلی کاپٹر بھی ساتھ لے گئے، جگہ نہ ہونے کے باعث کیش کی بڑی مقدار چھوڑنی بھی پڑی۔
اشرف غنی 200 افراد کے ہمراہ فرار ہوئے
ملک چھوڑنے والے افغان صدر اشرف غنی کے مشیر طارق فرھادی نے بتایا ہے کہ افغان صدر کے ہمراہ 200 افراد کابل چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں۔
پیر کے روز ایک بیان میں فرھادی نے بتایا کہ افغانستان چھوڑنے کے بعد اشرف غنی افغانستان کی سابق قیادت بن گئے ہیں۔ حقیقت میں اس وقت ملک کی باگ دوڑ طالبان کے ہاتھ میں ہے۔ دوحہ سے طالبان قیادت کو لوٹنا چاہئے تاکہ وہ ملک میں سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھال سکیں۔
روس، پاکستان، چین، امریکا بہتری کیلئے کردار ادا کر سکتے ہیں: روس
اُدھر امریکا اور روس کے نمائندے خصوصی برائے افغانستان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ضمیر کابلوف اور زلمے خلیل زاد نے افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی، روس، پاکستان، چین اور امریکا افغانستان کی صورتحال میں بہتری کے لئے کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ترکی نے افغانستان کے لیے فضائی سروس معطل کر دی
ترکی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان کے لیے تمام شیڈول پروازیں منسوخ کردیں۔ یہ فلائٹ افغانستان سے ترک شہریوں کو واپس لانے کے لیے بھیجی جانی تھی۔
ترک سفارتخانہ کابل میں اپنا کام جاری رکھے گا:وزیر خارجہ
ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل میں ترک سفارتخانہ اپناکام جاری رکھے ہوئے ہے۔
الجیریا سے روانگی سے قبل ایک پریس بریفنگ کے دوران میلوت چاوش اولو کا کہنا تھا کہ ترکی کے سفارتی مشن اور افغانستان میں اہلکاروں کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے گیے ہیں۔
اس بات کو نوٹ کرتے ہوئے کہ ترک سفارتخانہ کابل میں کام جاری رکھے ہوئے ہے وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی کے سفارتی مشنوں میں تمام قونصلر آپریشن جاری ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ تمام تر مشکلات کے خلاف انہوں نے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔ کچھ ترک شہری طالبان کی پیشرفت کے باعث افغانستان چھوڑ رہے ہیں جبکہ بہت سے ترک شہری ہیں جو وہاں پر رہنا چاہتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ترک حکام کی افغانستان میں متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاکہ ان ترک شہریوں کی حفاظت اور امن کو یقینی بنایا جا سکے جو افغانستان میں رہنا چاہتے ہیں۔
اسماعیل خان ایران فرار
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ کمانڈر اسماعیل خان ایران فرار ہوگئے ہیں اور وہ اس وقت مشہد شہر میں ہیں۔
کمانڈر اسماعیل خان طالبان سے مشاورت کرکے ایران گئے ہیں۔ ہتھیار ڈالنےکےبعد کمانڈراسماعیل خان ہرات کی رہائشگاہ پر4دن رہے۔
امریکا کی ایک مرتبہ پھر طالبان کو دھمکی
دوسری طرف امریکا نے ایک مرتبہ پھر افغان طالبان کو سخت نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے لیے مشکلات پیدا کی گئیں تو سخت رد عمل ملے گا۔
یو ایس ڈپٹی سیکیورٹی ایڈوائزر جان فائنر کا کہنا تھا کہ دوحہ میں طالبان کےسفارتی مشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، ائیرپورٹ کو محفوظ بنانے کا پلان موجود ہے، افغانستان میں دہشت گردی کے خطرے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
جرمن وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر کنفیوژن کی صورتحال ہے، واضح نہیں انخلاء کا عمل کب تک جاری رہے گا، کم از کم 10ہزار افراد کو کابل سے نکالنا ہے، انجیلا مرکل جرمنی کو افغانستان کے ہمسایہ ممالک سے بھی رابطے میں رہنا چاہیے۔
کسی کو دھمکی دینے کی اجازت نہیں دینگے: ترجمان طالبان
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابل میں صورتحال کنٹرول میں ہے، چوری اور دیگر جرائم پر کئی افراد کو حراست میں لیا گیا، سابق حکام اور اہلکاروں کے گھروں میں گھسنے کی کسی کو اجازت نہیں، کسی کو دھمکی دینے یا گاڑی ہتھیانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، ایسے کاموں میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
کابل ہوائی اڈے پر امریکی فوجیوں کی فائرنگ سے 7افراد ہلاک
افغانستان سے نکلنے کے خواہشمند افراد کا ہجوم پیر کی صبح کابل ایئرپورٹ کے رن وے پر چڑھ دوڑا جنھیں منتشر کرنے کے لیے امریکی فوجیوں نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے پیدا ہونے والی افراتفری میں 7 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ ہوائی اڈے کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
چین کا افغانستان کے ساتھ دوستی اور مشترکہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار
طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد چین نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ دوستی اور مشترکہ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین افغان عوام کے اس حق کا احترام کرتا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنی قسمت کا تعین کریں اور وہ (چین) افغانستان کے ساتھ دوستانہ اور باہمی تعاون کے فروغ کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ طالبان نے بار ہا چین کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کی امید ظاہر کی ہے اور یہ کہ وہ افغانستان کی تعمیرِ نو اور ترقی میں چین کی شرکت کے منتظر ہیں۔
طالبان نے بھی چین کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور اس سے پہلے بھی ان کی جانب سے ایسے بیان سامنے آئے ہیں جن میں چین سے افغانستان کی ترقی میں ہاتھ بٹانے کی امید شامل ہے۔
کابل ایئر پورٹ 7 ہزار افراد خاندانوں کے ہمراہ موجود
برطانوی میڈیا کے مطابق کابل ایئرپورٹ پر اس وقت 7 ہزار افراد اپنے خاندانوں کے ہمراہ موجود ہیں، 7ہزارخاندان ہرصورت افغانستان سے نکلنا چاہتےہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل افغان حکومتی عہدیداروں کے فرار کے بعد صدارتی محل کا کنٹرول طالبان نے سنبھالتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں جنگ ختم ہوچکی ہے۔
ایک آن لائن ویڈیو افغان طالبان کے شریک بانی ملا عبدالغنی برادر نے بھی فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ امتحان اور ثابت کرنے کا وقت ہے، اب ہمیں دکھانا ہے کہ ہم اپنی قوم کی خدمت کرسکتے ہیں اور آرام دہ زندگی اور تحفظ یقینی بناسکتے ہیں۔
امریکی شکست کے بعد افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کا موقع ملا: ایران
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکا کی شکست کے بعد افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کا موقع ملا ہے، ایران افغانستان میں ہونے والی تبدیلیوں کا بغور مشاہدہ کررہا ہے، افغانستان میں افغان شہریوں کی حکومت کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تمام افغان گروپوں سے قومی مفاہمت کے ذریعے ملک کے امور چلانے کا مطالبہ کرتے ہیں،ایران ہمسایہ ملک افغانستا ن کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
افراتفری کے باعث کابل ہوائی اڈے سے کمرشل پروازیں منسوخ
عرب میڈیا کے مطابق افغانسستان کے دارلحکومت کابل پر گذشتہ رات طالبان کے کنڑول کے بعد سے ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے سے بیرون ملک سفر کے خواش مند افراد کا غیر معمولی رش دیکھا جا رہا ہے، جس کے بعد وہاں سکیورٹی کی صورت حال پیدا ہونے کی اطلاعات ہے۔
ہوائی اڈے کی حفاظت پر مامور امریکی اہلکاروں کی جانب سے کابل چھوڑنے کی غرض سے پہلی پرواز کے ٹکٹ حاصل کرنے والے غیر منظم رش کو کنڑول کرنے اور انہیں ایپرن سے جانے سے منع کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔
صورت حال کو قابو سے باہر ہوتا دیکھ کر حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کابل سے تمام کمرشل پروازیں تا اطلاع ثانی منسوخ رہیں گی اس لیے عوام بیرون ملک سفر کے لیے ہوائی اڈے کا رخ نہ کریں۔