اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کا اہم وفد پاکستان ميں مشاورت کيلئے موجود ہے، دفتر خارجہ ميں افغان وفد سے اہم ملاقات ہوگی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق اہم بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا ہے، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر بات ہوگی، اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں مشاورت کے بعد ہم اپنا موقف پیش کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان وفد امن عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان میں موجود ہے، افغان وفد سے افغانستان کی بہتری، امن و استحکام کیلئے بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے عاشورہ کے بعد افغانستان کے ہمسایہ ممالک سے روابط کی ہدایت کی، روابط کا مقصد ان ممالک کے ساتھ مشاورت اور متفقہ لائحہ عمل بنانا ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے، دنیا امن و استحکام کی خواہاں ہے، دنیا توقع کرتی ہے کہ بھارت مثبت کردار ادا کرے گا، خطے کی بہتری کے لئے بھارت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔